15 جولائی 2012 - 19:30

علامہ عارف حسین واحدی نے ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کے دستور کی پہلی شق ہی پاکستان کے استحکام و سلامتی اور سربلندی کے لئے کام کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس ملک کے محافظ ہیں۔

ابنا: علامہ عارف حسین واحدی نے فیصل آباد ڈویژن کے تنظیمی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا محافظ قومی پلیٹ فارم ہمہ وقت وطن عزیز میں مذہبی، آئینی، قانونی اور شہری حقوق کے تحفظ اور دفاع کے لئے سرگرم عمل ہے۔ بعض قوتوں نے جب یہ محسوس کیا کہ یہ قومی پلیٹ فارم اس انداز میں فعال اور متحرک ہے کہ اپنی قوت اور نظم و ضبط کے بل بوتے پر پاکستان کی تقدیر بدل دے گا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو فروغ دے کر ملک سے فتنہ و فساد، انتشار و افتراق اور فرقہ واریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا تو اس پر ضرب کاری لگانے کے لئے بلاجواز اور غیر قانونی پابندیاں عائد کردی گئی، مگر اس مقدس پلیٹ فارم اور اس کی مدبر قیادت نے اس حکیمانہ انداز میں کام کیا کہ آج فرقہ پرست اور شرپسند دشمن رسوا ہو چکا ہے اور آپ سربلند ہیں۔

تنظیمی ورکرز کے بڑے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ امن و امان، ملکی سلامتی اور تمام مسلمانوں میں اتحاد وحدت کے لئے ہمارا وہ کردار رہا ہے کہ وطن عزیز میں کوئی وحدت کا فورم آپ کی قیادت کی شرکت کے بغیر نامکمل اور ادھورا دکھائی دیتا ہے، ہم پاکستان و اسلام کے لئے ہر وقت سرگرم عمل ہیں، ہم پاکستان کے دشمنوں کے دشمن اور دوستوں کے دوست ہیں۔ ہماری تنظیم کے دستور کی پہلی شق ہی پاکستان کے استحکام و سلامتی اور سربلندی کے لئے کام کرنا ہے۔ ہم اس ملک کے محافظ ہیں دہشتگردوں نے ایک سازش کے تحت پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی، ہماری قیادت نے اس سازش کا ادراک کرتے ہوئے ملک کی سلامتی پر کوئی آنچ نہ آنے دی اور قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کو بڑے فتنے اور فساد سے محفوظ بنایا۔

.......

/169